لاہور میں ایران میں اقبال اور غالب شناسی کے زیر عنوان تین روزہ سیمینار کا انعقاد
(لاہور) لمز یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز کی جانب سے ۵ سے ۸ مارچ ۲۰۲۴، تقابلی ادبی و ثقافتی مطالعاتی پروگرام جو کہ سیدہ مبارک بیگم اردو فارسی لیکچر سیریز کے حصے کے تحت ایران میں اقبال اور غالب شناسی کے زیر عنوان تین روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا. "شعر خوانی اقبال"، اردو فارسی ترجمے کی روایت اور مشق کو سیکھنا" اور " اقبال اور غالب ایرانیوں کےنقطہ نظر میں" کے زیر عنوان لیکچرز ، مذکراتی سیشنز اور ورکشاپس اس تین روزہ سیمینار کا حصہ تھے. ۸ مارچ ۲۰۲۴، بروز جمعہ " اقبال اور غالب ایرانیوں کےنقطہ نظر میں" کے زیر عنوان مذکراتی سیشن میں تہران یونیورسٹی اسلامی جمہوریہ ایران کے فیکلٹی ممبر، محترم جناب پروفیسرڈاکٹر علی کاوسی نژاد نے کلیدی مقر ر کی حیثیت سے شرکت کی. سیمینار کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران لاهور، محترم جناب جعفر روناس تھے.
محترم جناب جعفر روناس نے بتایا کہ کس طرح ایرانی طلباء اقبال کی شاعری اور شخصیت کے بارے میں چھوٹی عمر سے ہی سیکھتے ہیں، کیونکہ ان کی تخلیقات ان کے اسکول کے نصاب میں شامل ہیں. انہوں نے ایرانی اسکالرز پر اقبال کے فلسفے کے اثرات کی مزید وضاحت کی. محترم جناب جعفر روناس نے عالم اسلام کی فکری اور ثقافتی ترقی میں اقبال لاہوری کے کردار پر گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ "اقبال کو ایران میں ایک شاعر، مصلح اور مسلم مفکر کے طور پر جانا جاتا ہے." انھوں نے تہران میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس برائے اقبال لاہوری میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر اور رہبر انقلاب اسلامی محترم جناب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے الفاظ کا ذکر کیا اور کہا: "اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر بلاشبہ اقبال لاہوری کے سب سے بڑے طرفداران میں سے ہیں." انہوں نے مزید کہا کہ " اقبال بلاشبہ ایک عظیم شاعر ہیں اور ان کا شمار عظیم شاعروں میں ہوتا ہے لیکن ان کا کردار اتنا گہرا اور اعلیٰ ہے اس کا کوئی ثانی نہیں. اگر ہم صرف یہ کہہ دیں کہ اقبال ایک فلسفی اور عالم ہیں تو ہم نے ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا."
لمز یونیورسٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور سیدہ مبارک بیگم اردو وفارسی پروگرام کے سرپرست، محترم جناب سید بابر علی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے فارسی اور اردو زبانوں کی ترقی اور ایران اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا. محترم جناب سید بابر علی نے ایران میں اقبال کی بے پناہ مقبولیت پر مسرت کا اظہار کیا اور برطانوی راج کی پابندیوں، جن کے تحت اقبال کو اپنے پیارے ایران کا دورہ کرنے سے روکا گیا، پر افسوس کا اظہار کیا .
اس سیمینار میں انٹرنیشنل اقبال سوسائٹی کے صدر، جناب عمر رضا؛گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور بک کلب کے صدر، طلحہ فاران؛ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلباء؛ لمز یونیورسٹی کے طلبہ سمیت ڈین آف فیکلٹی، اساتذہ، اور دیگر ادبی شخصیات نے شرکت کی.