هفته وحدت
خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران-لاہورکے زیر اہتمام جشن میلاد النبیؐ اور اتحاد بین المسلمین کانفرنس
جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران نے 12 تا 17 ربیع الاول کو “ہفتہ وحدت مذاہب اسلامی” کا نام دیا اور اس مناسبت سے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور کے زیر اہتمام “اتحاد بین المسلمین، قرآن کی نگاہ میں” کے عنوان سے میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،علامہ افضل حیدری، پیر سید حبیب عرفانی، سید علی رضا نقوی، مفتی شاہد، انجینئر محمد رفیق انجم، علامہ اعجاز حیدری، علامہ محمد حسین گولڑوی، ڈاکٹر سکینہ مہدوی، علامہ پرویز اکبر ساقی نےحضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
ڈی جی خانہ فرہنگ وکلچرل اتاشی قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران- لاہور جعفر روناس نے کہا”قرآن مجید اتحاد کے مسئلے کو سماجی نقطۂ نظر سے دیکھتا ہے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیتا ہے، اور مومنین کے دلوں کے درمیان ربط کو امر الہٰی سمجھتا ہے، اور اس اتحاد کو قائم کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے قرآن مجید نے خصوصی طور پر تجاویز پیش کی ہیں، جن میں سے کچھ تفرقے کو روکنے اور کچھ اتحاد کو مضبوط کرنے پر مشتمل ہیں۔
قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران-لاہورمحمد رضا ناظری نے کہا” رہبر انقلاب اسلامی ایران حضرت آیت اللہ خمینیؒ نے انقلاب کی کامیابی کے بعد مسلمانوں کی وحدت کو اہم جانا اور 12 سے 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کا نام دیا جو مسلمانوں کے اتحاد کا موجب بنا اور دشمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا”۔
انہوں نے پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی کہ عشرہ رحمت اللعالمین ﷺکے آغازسے پاکستان اور اسلام کے دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔
اپنا تبصرہ لکھیں.