اسکل نیشنل یونیورسٹی
عام طور پر، ایران میں یونیورسٹیاں تین وزارتوں کے زیر انتظام ہیں: وزارت "سائنس، ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی"، وزارت "تعلیم" اور وزارت "صحت، علاج اور طبی تعلیم"۔ ٹیکنیکل اور ووکیشنل یونیورسٹی وزارت سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی زیر نگرانی اعلیٰ تعلیمی مراکز میں سے ایک ہے جس کے کیمپس پورے ایران میں پھیلے ہوئے ہیں۔
اسکل نیشنل یونیورسٹی ایران کی تاریخ
1965ء میں انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ایران نے اس وقت کی حکومت کی اجازت سے باقاعدہ کام کا آغاز کیااور اس انسٹی ٹیوٹ کا مقصد ایسوسی ایٹ لیول کی سطح پر ٹیکنیکل ماہرین کو تربیت دینا تھا۔ چار سال بعد ہی، اس انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ، وزارت تعلیم کے شعبہ ہائر ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل کے تحت ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹیچر ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے۔ 1986ء سے شعبہ ہائر ایجوکیشن افیئرز نے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کچھ ٹیکنیکل کالجز میں انڈرگریجویٹ سطح پر ٹیکنیکل اساتذہ کے لیے تربیتی کورسز شروع کیے۔ آخر کار، 1995ء میں کالجز کی تعلیم کی شکل میں کچھ تبدیلی اور ایک نئے تعلیمی نظام کی تشکیل کے ساتھ، تمام ٹیکنیکل اور پیشہ ورانہ کالجز میں ٹیکنیکل اور پیشہ ورانہ شعبوں میں باقاعدہ دو سالہ ایسوسی ایٹ کورس شروع کیا گیا۔ 2011ء تک یہ یونیورسٹی ایران کی وزارت تعلیم کے ماتحت تھی اور اسے " پیغمبر اعظم ؐ اعلیٰ تعلیمی کمپلیکس" کہا جاتا تھا، لیکن اسکے بعد تعلیم کو فروغ دینے اور اعلیٰ تعلیم کے انتظام میں مزید ہم آہنگی کے لیے اس تعلیمی مرکز کو سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی وزارت کے سپرد کیا گیا اور اس کا نام بدل کر یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل رکھ دیا گیا۔ جو اب اسکلز نیشنل یونیورسٹی کہلاتی ہے اور اس یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس تہران میں واقع ہے۔
اسکل نیشنل یونیورسٹی میں کورسز اور ٹریننگ
ایران کی یہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل یونیورسٹی 181 ٹیکنیکل اور ووکیشنل کیمپس (سال 2023ء) پر مشتمل ہے۔ ان مراکز میں 170,000 سے زائد طلباء 17000 سے زائد اساتذہ کی زیر نگرانی 200 شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ 2023ء تک ٹیکنیکل اور پروفیشنل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل افراد کی تعداد 382 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔2021 ء میں، 300 سے زیادہ غیر ایرانی طلباء ایران کی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کے مراکز میں زیر تعلیم تھے۔ یہ یونیورسٹی ثانوی تعلیم مکمل کرنے والے ان لوگوں کو کورسز پیش کرتی ہے جو درج ذیل پانچ شعبوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں:
- شعبہ کمپیوٹر: کمپیوٹر نیٹ ورکنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پروگرامنگ، مواد کی تیاری اور گرافکس وغیرہ ۔
- خدمات: صحت، کشتی رانی (Navigation) اور نقل و حمل، تجارت اور انتظامی امور وغیرہ۔
- صنعت:الیکٹریکل اور کمپیوٹر فیلڈز، مشینری کی دیکھ بھال اور مرمت کا گروپ، تعمیراتی اور فن تعمیر، مواد اور پروسیسنگ، اور میکانکس وغیرہ۔
- زراعت:مویشیوں کے امور، زراعت اور باغبانی، خوراک کی صنعت اور زرعی مشینری وغیرہ۔
- آرٹ:انیمیشن (Animation) ، سنیما، دستکاری، ڈرائنگ، سلائی کڑھائی، موسیقی، کھیل، پینٹنگ، ڈرامہ، ٹیلی ویژن پروگراموں کی تیاری اور ثقافتی کاموں کی بحالی وغیرہ۔
اسی طرح، ٹیکنیکل اور پروفیشنل یونیورسٹی کورسز کا انتظام بھی انہی شعبوں میں دو مسلسل ایسوسی ایٹ (54 کورسز) اور غیر مسلسل بیچلر (26 کورسز) کی سطح پر سرکاری اور غیر سرکاری (سلف سیسٹم کے تحت) دونوں طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ یونیورسٹی ہذا کے کیمپس میں سیپرٹ ایجوکیشن سیسٹم ہے اور دو تہائی کیمپس لڑکوں کے لیے مخصوص ہیں۔ اس یونیورسٹی کی نگرانی میں تین خصوصی جرائد شائع ہوتے ہیں اور مختلف محققین کے ریسرچ ورکس کو شائع کرتے ہیں۔ بین الاقوامی اشاریہ جات( حوالہ جاتی مجلات) میں رجسٹرڈ 1400 سے زائد مضامین کی اشاعت اس یونیورسٹی کے محققین کی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ یہ یونیورسٹی ٹیکنیکل اور پروفیشنل گریجویٹس کے انڈسٹری سے تعلق کو اپنے فرائض میں سے ایک سمجھتی ہے۔اسی غرض سے یونیورسٹی نے کاروباری طریقوں پر عمل کرنے کے لیے "انٹرپرینیورشپ اینڈ انڈسٹری کنکشن" کے نام سے ایک مرکز بھی قائم کر رکھا ہے۔ انٹرپرینیورشپ اور یونیورسٹی کے وسائل کی ترقی سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل، طلباء اور پروفیسرز کو لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے بااختیار بنانا، کاروباری ماحول کا تجزیہ کرنا اور اسے یونیورسٹی کے کاروباری افراد کے استعمال کے لیے پھیلانا اور تعلیمی مراکز میں فراہم کی جانے والی تربیت کی بنیاد پر مقامی معیشتوں کو ترقی کی منازل طے کرنے میں مدد کرنااس مرکز کے مقاصد میں سے ایک اہم مقصد ہے۔
نام | اسکل نیشنل یونیورسٹی |
ملک | ایران |
قسم | حکومتی |
طلباء کی کل تعداد | 170000 |
غیر ملکی طلباء کی تعداد | 300 |
رابطہ | 02142350000 |
ویب سایٹ | https://tvu.ac.ir/ |