عالمی یوم قدس، فلسطینیوں کے ساتھ تجدید عہد، اعلی پاکستانی حکام کا پیغام
اسلام آباد- پاکستان کے وزیر اعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے عالمی یوم قدس کے موقع پر اپنے پیغامات میں فلسطینی کاز کے ساتھ تجدید عہد کیا اور صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: عالمی یوم قدس ایک غاصب حکومت کے پنجوں سے فلسطینیوں کی نجات اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے مسلمانوں کی متحدہ آواز کا دن ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کے آفس کے میڈیا ونگ نے جمعہ کی صبح عالمی یوم قدس کی مناسبت سے محمد شہباز شریف کا پیغام جاری کیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جنگ غزہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کی نسل کشی پر خاموشی توڑ دے ۔
انہوں نے کہا: یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ غاصب اسرائیل کو فلسطینی قوم پر مسلط کیا گیا ہے اور اس غم انگیز داستان کا آغاز 7 اکتوبر 2023 کو نہیں بلکہ 7 عشرے قبل ہوا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم یوم القدس کے موقع پر اسرائیلی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے اور اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ گزشتہ سات دہائیوں سے اسرائیل فلسطین اور بیت المقدس پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قابض ہے اور اپنی اس جارحیت کو قائم رکھنے کیلئے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرتا آرہا ہے جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غاصبانہ اسرائیلی قبضے سے نجات اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے 27 رمضان المبارک کو ہمیں یہ علیحدہ وطن بڑی قربانیوں کے بعد عطا کیا تھا، میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس جمعتہ المبارک کے طفیل پاکستان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ کرے اور ہمیں اس کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات محنت کرنے کا عزم، حوصلہ اور ہمت عطا کرے۔
ادھرپاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعتہ الوادع کے موقع پر منائے جانے والے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے بنیادی حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جدو جہد آزادی اور 1967 سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کو فلسطین کے حوالے سے سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد پر عمل درآمد کو یقینی بنانے ہوئے فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حق دینے کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں۔
پاکستان کے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان، فلسطینی عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور تمام علاقائی و عالمی اداروں میں فلسطین کی جدو جہد آزادی کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔
پاکستان کے ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے: عالمی یوم قدس ایک خود مختار ریاست کے لئے فلسطینیوں کی قانونی جد و جہد کی حمایت کا دن ہے اور ہم ان کے اس قانونی حق کی پوری طرح سے حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے غزہ میں صیہونیوں کے جرائم کے تسلسل کو عالمی نظام انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کا جھوٹا دعوی کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ قرار دیا اور کہا: دنیا اسرائیل کے ہاتھوں غزہ کے عوام کے قتل عام پر اپنی خاموشی توڑے۔