پاکستان میں تعینات
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جناب ڈاکٹر رضا امیری مقدم کے ساتھ بلوچستان کے مختلف شخصیات کی نشست
پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جناب ڈاکٹر رضا امیری مقدم کے ساتھ بلوچستان کے علمائے کرام، قبائلی معتبرین، سیاسی رہنماؤں، ادباء، صحافیوں دانشوروں اور دوسرے شخصیات کی نشست

کوئٹہ، پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ بہترین تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے، ایران اورپاکستان کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کو اقدامات کرنا ہونگے، ایران اورپاکستان دونوں برادر ہمسایہ اسلامی ممالک ہیں دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارگی اور تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران میں اپنے اعزاز میں دی جانے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ سید ابوالحسن میری ،امارات اسلامیہ افغانستان کے قونصل جنرل مفتی گل حسن،جمعیت علما اسلام شیرانی گروپ کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی، جمعیت علما اسلام نظریاتی کے قائمقام امیرمولاناعبدالقادر لونی،سابق ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی سردار بابر خان موسی خیل، ممتاز عالم دین صوبائی خطیب مولانا انوارلحق حقانی،قاری عبد الرحمن نورزئی، علامہ سید ہاشم موسوی، امان اللہ ناصر، سردار لیاقت ہزارہ، وفاقی محتسب کی جسٹس طاہرہ بلوچ، جماعت اسلامی کے مولانا عطا الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ بہترین تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے پاکستان میں گوادر اور ایران میں چابہار کی بندرگاہوں کے درمیان لنک ہونا چاہیے اس سے دونوں ممالک کے تجارتی روابط میں اضافہ ہوگا ایران اورپاکستان کے درمیان تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان میں انرجی کا بحران پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ایرانی سفیرنے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری کو ویزہ کے حصول میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردی گئی ہیں اور ویزا کے حصول کا عمل آسان کردیا ہے۔ ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین ٹرین سروس بحال کی جائے کیونکہ کمیونیکیشن میں بہتری سے معاشی تعلقات مضبوط ہونگے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں مختلف صنعتی اور تجارتی شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کے وسیع مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کی قدیم دوستی اور رسم و رواج مشترک ہیں ہمیں ملکر خطے کی ترقی کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ایران کے درمیان فلم اور سینما کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جس کو بروئے کار لاتے ہوئے دونوں ہمسایہ صوبے ان شعبوں میں ترقی کرسکتے ہیں۔ ایرانی سفیر نے مسئلہ فلسطین پر تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صہیونی فوج، مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق کو مٹا کر مسلم ممالک میں گریٹر اسرائیل کے نقشے کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں جسے مل کر سبوتاژ کرنا ہوگا۔ تقریب میں قبائلی عمائدین، سیاسی کارکن، علمائے کرام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنےو الے افراد شریک تھیں۔ ایرانی سفیر نے تقریب کے آخر میں آرٹ اینڈ کرافٹ کلاس کے بچوں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کئے اور خانہ فرہنگ کے نئے ہال کا بھی افتتاح کیا
اپنا تبصرہ لکھیں.