تیسری برسی شہادت سردار شہید حاج قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس
خانہ فرہنگ ایران میں شہید لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی برسی کے موقع پر سمینار
لاہور (۰۲ جنوری، ۲۰۲۳ء) خانہ فرہنگ ایران-لاہور میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس اور متعڈ دیگر شہدا کی تیسری برسی کی مناسبت سے "امن کے امین شہدا کو خراج تحسین " کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور میں ایران کے نئے قونصل جنرل محترم جناب مہران موحدفر، جماعت اسلامی کے رہنما محترم جناب پیرزادہ برہان الدین عثمانی، جنرل سیکرٹری سنی علماء کونسل پاکستان محترم جناب علامہ محمد حسین گولڑوی، ترجمان پی ٹی آئی مذہبی امور ونگ محترم جناب علامہ اصغر عارف چشتی، جامعہ عروہ الوثقی سے محترم جناب علامہ توقیر حسین کاظمی، جامعہ نرجسیہ سے محترم جناب مولانا شاہد نقوی، آل مسالک علماء ومشائخ بورڈ کے چئیرمین محترم جناب مفتی سید عاشق حسین، محترم جناب قاسم علی قاسمی، محترم جناب پیر سید علیرضا شاہ فضل، بیورو چیف سچ ٹی وی محترم جناب حنیف قمر، چیئرمین اوقاف محترم جناب سید مناظر حسین گیلانی، سربراہ تحریک وحدت اسلامی محترم جناب پرویز اکبر ساقی اور کریسچن رہنما محترم جناب امانوئل گلزار نے خصوصی شرکت کی۔
ڈی جی خانہ فرہنگ وکلچرل اتاشی قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران لاہور محترم جناب جعفر روناس نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "الحاج قاسم سب سے اعلی قومی شخصیت ہیں اور عالم اسلام میں ان کی مقبولیت ثابت کرتی ہے کہ ہر دل عزیز سلیمانی عالم اسلام کے ایک بہترین امتی بھی ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا ایمانداری اور خلوص مکتب سلیمانی کا جوہر اور ساخت ہے جس کی برکت ان کی زندگی اور شہادت دونوں میں نظر آتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "شہید سلیمانی ایک لازوال حقیقت ہیں اور ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گے، اور ان کے قاتل جیسے کہ ٹرمپ اور اس جیسے دوسرے لوگ تاریخ کے بھولے بسرے لوگوں میں شامل ہوں گے۔"
لاہور میں ایران کے نئے قونصل جنرل محترم جناب مہران موحدفر نے کہا تین سال قبل دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ہیرو الحاج قاسم سلیمانی کو امریکہ کی منافق اور ریاکار حکومت کے صدر کے حکم پر شہید کر دیا گیا۔ ہم نہ معاف کرتے ہیں نہ بھولتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا "شہید سلیمانی ان جان نثار لوگوں کے نمائندے تھے جنہوں نے خواتین اور بچوں کو داعش نامی دہشت گرد گروہ کے شر سے بچانے کے لیے اپنے آپ کو قربان کر دیا جبکہ امریکہ کے سیاسی عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے خود داعش کی بنیاد رکھی۔"
ایرانی قونصل جنرل نے کہا "پاکستانی بہن بھائیوں اور دیگر کئی ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ سردار سلیمانی کے بارے میں پاکیزہ جذبات ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اللہ کے نزدیک عزیز ہیں اور اس اعزاز کی کوئی سرحد نہیں ہے۔"
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقر رین نے شہید قاسم سلیمانی سے بھرپور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "قاسم سلیمانی ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں دھڑکتے رہیں گے اور ان کا کردار ہمیشہ زندہ رہے گا۔ "
کانفرنس میں محمد جواد رودگر کی کتاب "سیر و سلوک مکتب سلیمانی" کی رونمائی بھی کی گئی۔
اپنا تبصرہ لکھیں.