• Mar 20 2024 - 13:23
  • 348
  • مطالعہ کی مدت : 2 minute(s)

’جشن نوروز

نوروز فارسی زبان کا ایک لفظ ہے، جس کا مطلب “نیا دن” کے ہیں۔ یہ ایرانی سال نو کا نام ہے، جو ہر سال موسم سرما کے اختتام اور موسم گرما کے آغاز یعنی 21 مارچ کو منایا جاتا ہے،

 
 اس تہوار کو محض ایرانی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود تمام فارسی بولنے والے افراد جشن کے طور پر مناتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اسے فارسی زبان بولنے والوں کا نیا سال / تہوار بھی قرار دیا جاتا ہے۔
دنیا کے کئی ممالک میں مارچ کے مہینے میں موسم بہار کا آغاز ہوجاتا ہے اور اسی وجہ سے ہر سال مارچ میں ’نوروز‘ کے تہوار کو موسم بہار کے جشن کے طور مناتے ہیں۔ بعض مورخین کے مطابق ’نوروز‘ کا تہوار تین ہزار سال سے منایا جا رہا ہے۔
ایران میں اس عید کو قومی تہوار اور زمین کا سورج کے گرد چکر مکمل ہونے پر بہار کے آغاز کے طور پر ، اور عید طبیعت(Nature) کے طور پر منایا جاتا ہے جن میں تمام مکاتب فکر شامل ہوتے ہیں۔
نوروز ایرانی تین ہزار برس سے اور مسلمان ڈیڑھ ہزار برس سے منا رہے ہیں۔
جس طرح سانتا کلاز بابا کرسمس کا روپ دھارے تہوار سے قبل نمودار ہوتا ہے اسی طرح ایران کے ہر چھوٹے بڑے قصبے میں دف بجاتا لہراتا گاتا کردار ( حاجی فیروز ) نمودار ہوتا ہے۔ سرخ لباس ، چہرہ کالک سے پتا ہوا۔حاجی فیروز نوروز کی روایت کا کب حصہ بنا کوئی ٹھیک سے نہیں بتا پاتا۔
ہفتوں پہلے سے گھروں کی اچھے سے صفائیاں دھلائیاں شروع ہو جاتی ہیں۔مخصوص پکوانوں کے اجزا کی خریداری گرم ہو جاتی ہے۔ایک ڈش نما برتن میں مٹی بھر کے اس میں گیہوں کے دانے ڈالے جاتے ہیں تاکہ نوروز تک سبز بالیاں پھوٹ پڑیں۔گویا حیات نو نمو پذیر ہو۔اس برتن کو بھی سبزہ یا سبزے کہا جاتا ہے۔
جب سبزہ پھوٹ پڑتا ہے تو اس برتن کو ایک مخصوص میز ہفت س پر دھرا جاتا ہے۔ اس پر سات ایسی اشیا سجائی جاتی ہیں جن کا نام س سے شروع ہوتا ہے۔یعنی سبزہ (گیہوں کی بالیاں)، سیب، سنجد( خشک توت)، سمانو (گیہوں کا حلوہ)، سماق (سرخی مائل خوردنی جڑی بوٹی ) ، سرکہ ، سیر ( لہسن )۔
تیرہویں روز کھلی جگہوں پر اہل خانہ و دوستوں کی پکنک کا سماں ہوتا ہے اور وہ سبزہ جو برتن میں اگایا جاتا ہے کسی کھیت یا آب رواں کی نذر کر دیا جاتا ہے تاکہ زندگی کا جزو حیات کل کا حصہ بن جائے اور دائرہ مکمل کرکے اگلے برس پھر خوشیاں ساتھ لائے۔
21 مارچ ’عالمی یوم نوروز‘ کا مقصد قدیم ترین تہذیب کو زندہ رکھنا ہے اور اقوام متحدہ کی جانب سے 21 مارچ کو نوروز ڈے قرار دیے جانے کے بعد اب ہر سال دنیا بھر میں اس دن کو منایا جاتا ہے۔
اسلام آباد پاکستان

اسلام آباد پاکستان

تصاویر

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: