جناب مجید مشکی ثقافتی قونصلر سفارت اسلامی جمہوریہ ایران ،اسلام آباد کا روز قدس کا پیغام
"ان لوگوں کو جن سے لڑائی کی جاتی ہے، اجازت دی گئی ہے، اس لیے کہ یقینا ان پر ظلم کیا گیا اور بیشک اللہ تعالیٰ ان کی مدد پر یقینا قادر ہے"
بسم الله الرحمن الرحیم
"ان لوگوں کو جن سے لڑائی کی جاتی ہے، اجازت دی گئی ہے، اس لیے کہ یقینا ان پر ظلم کیا گیا اور بیشک اللہ تعالیٰ ان کی مدد پر یقینا قادر ہے"
حج آیت 39
امت اسلامی حسب سابق اس سال بھی، جب کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر مسلسل ظلم ڈھائے جارہے ہیں اور قتل وغارت کے ذریعہ وحشیگری کی بدترین مثال قائم کرنے کو چھ ماہ ہو رہے ہیں، یوم قدس بھرپور جوش وجذبے سے منارہی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ پوری دنیا اور اسکی بڑی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی ناک نیچے ہو رہا ہے۔ مگر سوائے چند اسلامی ممالک کے مشرق اور مغرب کی حکومتوں کی جانب سے کوئی مظاہرہ ہوا نہ رد عمل آیا۔ لیکن جو کچھ فلسطین میں ہو رہا ہے اس نے جہاں اسرائیل اور اسکے حامیوں کی سفاکیت کا پردہ چاک کر کے اسکے مکروہ عزائم اور چہرے کو دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے، وہاں فلسطین کے مظلوم عوام کی بغیر کسی خارجی حمایت کے شجاعت اور استقامت کو بھی دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ اس چھ ماہ کی مدت میں طوفان الاقصی آپریشن سے لیکر آج تک دنیا کے سامنے فلسطین میں جو تحولات رونما ہو رہے ہیں، وه حق و حقیقت کے متلاشیوں کے نزدیک اسرائیل کی آشکارا بربادی کا مظہر ہیں۔ یہاں تک کہ اسرائیل کے مشہور جاسوسی سیسٹم کی ناکامی سے لیکر فلسطین کی غضب کردہ سر زمین پر دو ریاستوں کے قیام کے جھوٹے دعوے تک اور مغربی ممالک کی انسانی حقوق کی حمایت کے جھوٹے دعووں سے لیکر عرب ممالک کے فلسطین کی آزادی کے جھوٹے دعووں تک کا پردہ چاک کر دیا اور دنیا کے باضمیر لوگوں کے فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں مظاہروں تک یہ سب آپریشن طوفان الاقصی کے مرہون منت ہیں، جن سے دنیا کے سامنے مسئلہ فلسطین کی حقیقت عیاں ہوئی۔ اگرچہ اس دلیرانہ اقدام سے فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کو بڑے جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور ہزاروں نہتے معصوم بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا، مگر اسی آپریشن طوفان الاقصی کے نتیجے میں آزادی کی صبح کی کرن نصیب ہوئی۔
اس سال قدس کے موقع پر پوری دنیا بالخصوص عالم اسلام فلسطین کے مظلوم عوام کی مکمل حمایت کیلئے آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی نابودی اور بانی قدس حضرت امام خمینی رحمہ اللہ کی روح کی بلندی کیلئے دعاگو ہوں گے، جنہوں نے مظلوموں کی حمایت کیلئے بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کر کے دنیا کو حق وانصاف کی حمایت کا پیغام دیا۔
آخر میں اس موقع پر پاکستان کے عظیم عوام، حکومت اور سیاسی و سماجی گروہوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ان چھ ماہ کے دوران فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں مظاہروں کے ذریعہ آواز بلند کی اور فلسطینی عوام کیلئے مالی مدد بھیجی یا پھر بین الاقوامی فورمز پر ان کے حق میں رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کی تہہ دل سے ممنون و مشکور ہیں اور دعاگو ہیں خداوند ہمارے پڑوسی برادر ملک پاکستان اور اسکے عوام کو ترقی عطا فرمائے۔
مجید مشکی
ثقافتی قونصلر سفارت ا.ج ایران ،اسلام آباد