• Jun 3 2022 - 12:12
  • 326
  • مطالعہ کی مدت : 3 minute(s)
رحلت امام خمینی

امام خمینی رح کی شجاعت اور صبر نے انقلاب اسلامی کو کامیابی بخشی: آقا محمد سرخابی

ایرانی انقلاب کے بانی حضر ت امام خمینی(رح) کی برسی کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کا انقلاب تاریخ میں ایک ایسا انقلاب ہے جو ایک یا دوروز کیلئے نہیں تھا بلکہ یہ ہر گزرتے وقت اور دن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

ایرانی انقلاب کے بانی حضر ت امام خمینی(رح) کی برسی کے موقع پر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ایرانی سفیر اور تقریب کے مہمان خصوصی آقا محمد سرخابی نے کہا کہ ایران کا انقلاب تاریخ میں ایک ایسا انقلاب ہے جو ایک یا دو روز کیلئے نہیں تھا بلکہ یہ ہر گزرتے وقت اوردن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رح) وہ ہستی تھے جن کے وجود میں کوئی خوف یا ڈر نہیں تھا ان کی شجاعت اوران کا صبر اتنا عظیم تھا کہ انہوں نے انہی اوصاف کی وساطت سے انقلاب اسلامی کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی ثقافتی قونصلر آقا احسان خزاعی نے کہا کہ جب امام خمینی (رح) سے پوچھا گیا کہ آپ ایران کی سامراجی حکومت کے خلاف انقلاب برپاکرنے کیلئے کونسی فوج استعمال کرینگے تو آپ نے فرمایا کہ میری افواج ابھی ماؤں کی آغوش میں ہے اورابھی ماؤں کا دودھ پی رہے ہے آپکی بات سچ ثابت ہوئی اورنئی نسل سامراجی حکومت کے خلاف آہنی لشکر بن کرسامنے آئی اورانقلاب کا سورج طلوع کردکھایا۔

ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ راولپنڈی آقا فرامرز رحمان زاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا امام خمینی (رح) ایک عارف تھے لیکن ایسے عارف ہرگز نہیں تھے جو گوشہ نشینی اختیار کرکے خلوت گاہ سے اسلام، مسلمانوں اورمظلوموں کے مسائل کا تماشا دیکھتے بلکہ آپ نے شریعت اورحکمت کے دائرے میں رہتے ہوئے ایک فعال اورعملی شخصیت کے طور پردنیا کے سامنے اپنے آپ کو پیش کیا۔

علامہ عارف واحدی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی عالمی طاقتوں کی پشت پناہی میں ایران پر حکومت کرنے والے بادشاہ کی حکومت اس شخص نے گرادی جو بوریا نشین تھے امام خمینی (رح) نے غریب اورمحکوم عوام کی آواز بن کرجب ان کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی تو سب آپ کے ساتھ نکل آئے اورانقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حیدر علوی نے کہا کہ امام خمینی (رح) نے انقلاب اسلامی کے ذریعے دنیا کو باورکرایا کہ اس انقلاب کا تعلق نہ مشرق سے ہے نہ مغرب سے بلکہ یہ اسلامی انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا ایران دنیا میں واحد اسلامی ملک ہے جہاں اسلامی شریعت نافذ ہے۔

منہاج القرآن شعبہ خواتین کی سربراہ رضیہ نوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام خمینی (رح) نے نہ شرقی نہ غربی کا نعرہ بلند کردیا جس کے باعث پوری دنیا کی طاقتوں میں ہلچل مچ گئی اوران کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی لیکن امام خمینی (رح) نے اپنی انتھک کوششوں سے دنیا کی طاقتوں کوشکست دی آٹھ سالہ جنگ میں امام خمینی (رح) نے نہتے لوگوں کے ساتھ عالمی طاقتوں کا بھرپورمقابلہ کیا رضیہ نوید نے کہا کہ امام خمینی (رح) نے دنیا پر واضح کردیا کہ دین اورسیاست ایک دوسرے کا جزو لاینفک ہے پاکستان میں بھی انقلاب کی سرگوشی سنائی دی جارہی ہے ۔

ماہر قانون عبدالقیوم راجہ نے کہا کہ مغرب جو جمہوریت کی دعویدار ہے وہ اسلامی ملکوں میں جمہوریت کے نفاذ کے مخالف ہیں مغرب نے ایران میں اسلامی جمہوری نظام کی مخالفت کی امام خمینی (رح) نے موروثی نظام کے خلاف بھی مخالفت کا علم اٹھایا ایران کے دورے سے پتہ چلا کہ ایران پر چالیس سال سے اقتصادی پابندی کے باوجود وہاں کے عوا م خوش ہیں کیونکہ امام خمینی (رح) کے انقلاب نے ان کے دل میں اثر پیداکیا ہے۔

تقریب سے ڈاکٹر آفتاب نقوی، ڈاکٹر مظفر علی کشمیری، بزرگ شاہ الاذہری، انجم خلیق، تطہیر عالم رضوی، رضا علی کاظمی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

 

اسلام آباد پاکستان

اسلام آباد پاکستان

تصاویر

اپنا تبصرہ لکھیں.

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: