• May 21 2024 - 08:09
  • 88
  • مطالعہ کی مدت : 1 minute(s)

پاکستان کے وزیر اعظم کی ایران کے سفارتخانے میں آمد، سفیر کو تعزیت پیش کی

پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف پیر کے روز اسلام آباد میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے پہنچے۔ سفیر سے ملاقات کی، شہید صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان اور ان کے ہمراہ وفد کی تعزیت اور تسلیت پیش کی اور وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات تحریر کئے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے۔ پاکستان نے ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھودیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ گزشتہ ماہ  صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا۔

انہوں نے دعا کی اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہمدردی کے لیے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

ایرانے کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی بھی وزیراعظم شہباز شریف کو ایران کا دوست سمجھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم صدر رئیسی کے لیے پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان ایران تعلقات کی مضبوطی کا ویژن جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارتخانے کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کیے۔

اسلام آباد پاکستان

اسلام آباد پاکستان

تصاویر

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: