مہاجرین کی شمالی غزہ میں واپسی / صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی
غاصب صیہونی حکومت نے ان لوگوں پر حملہ کرکے جو شمالی غزہ واپس جارہے تھے، جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے ان مہاجرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے جو شاہراہ صلاح الدین کے ذریعے شمالی غزہ واپس جارہے تھے۔
المیادین کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج نے شاہرا ہ صلاح الدین پر فلسطینی مہاجرین پر فائرنگ بھی کی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق رفح کے مشرق میں" کرم ابو سالم" نامی علاقے میں بھی فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت نے جو غزہ میں حالات کے معمول پر آنے کو فلسطین کی تحریک استقامت کی ایک اور کامیابی سمجھتی ہے، شمالی غزہ کے باشندوں سے کہا ہے کہ اپنے گھروں کو واپس نہ ہوں ۔
صیہونی حکومت کی فوج کے ترجمان اویخای ادرانی نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ غزہ کی جںگ ختم نہیں ہوئی ہے۔
اس نے ان فلسطینی مہاجرین سے جو شمالی غزہ سے جنوبی غزہ گئے ہیں، کہا ہے کہ شمالی علاقوں کی طرف واپس نہ جائیں۔
صیہونی حکومت کی فوج نے غزہ کے شمالی علاقوں میں اعلانات تقسیم کرکے کہا ہے کہ یہ علاقہ اب بھی جنگی علاقہ شمار ہوتا ہے اور لوگ اپنے گھروں کو واپس نہ ہوں۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے جس نے غزہ میں پندرہ ہزار سے زیادہ غیر فوجیوں، عورتوں اور بچوں کے قتل عام کا مقصد فلسطین کی استقامتی تحریک کو ختم کرنا اور اپنے جنگی قیدیوں کو آزاد کرانا بتایا تھا، اب حماس اور دیگر استقامتی گروہوں کو ختم اور اپنے جنگی قیدیوں کو آزاد کرائے بغیر ہی استقامتی تحریک کی شرائط پر عبوری جنگ بندی تسلیم کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔
غزہ میں حماس اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان جمعے کی صبح سات بجے سے چار روزہ عبوری جنگ بندی شروع ہوئی ہے۔
اپنا تبصرہ لکھیں.