ایران اور پاکستان کی ہلال احمر کے درمیان تعاون اور تجربات کے تبادلے پر زور
اسلام آباد (ارنا) پاکستان ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے ایران اور پاکستان کے امدادی اداروں کے درمیان تعاون اور تجربات کے تبادلے پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ سردار شاہد احمد لغاری نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور پاکستانی عوام کو امداد کی فراہمی میں حکومت ایران، ایرانی عوام اور خاص طور سے ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
ارنا کے نامہ نگار کے مطابق جمعہ کے روز پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں پاکستان ہلال احمر کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور اس تنظیم کے سربراہ سردار شاہد احمد لغاری سے ملاقات کی۔
ایران کے سفیر نے دو دوست اور ہمسایہ ممالک ایران اور پاکستان کے درمیان اچھے اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ہاں رونما ہونے والے واقعات سے متاثر ہوتے ہیں۔
ایران کے سفیر نے دونوں ملکوں کی ہلال احمر سوسائٹی کے درمیان تعاون میں اضافے منجملہ امداد رسانی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی غرض سے ماہرین اور فنی ٹیمیموں کے تبادلے اور خاص سے مشترکہ سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے ایران کی حکومت اور عوام کی فراخدلانہ امداد بالخصوص ہلال احمر کی طرف سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں سیلاب زدگان کے لیے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہلال احمر سوسائٹی اپنے امدادی آپریشن کو مضبوط بنانے کی غرض سے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
سردار شاہد احمد نے کہا کہ ایرانی ہلال احمر اپنے تجربے اور اعلیٰ صلاحیتوں کی وجہ سے نہ صرف عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کر رہی ہے بلکہ پاکستان کی ہلال احمر کے ساتھ تعاون کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہلال احمر دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والوں کی طبی نگرانی کے لیے مشترکہ سرحدی علاقوں میں خصوصی مراکز کے قیام پر توجہ دے رہی ہے۔
سردار رشید احمد لغاری کہا کہ پاکستان کی ہلال احمر محرم الحرام اور چہلم کے موقع پر اپنی میڈیکل ٹیمیں ایران اور عراق بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں، پاکستان کے مختلف علاقوں میں تباہ کن سیلاب کے بعد، ایران کی حکومت اور قوم کی طرف سے امداد کی کھیپ ایرانی ہلال احمر کی طرف سے زیرو پوائنٹ پر پاکستانی حکام کو فراہم کی گئی تھی۔