• Mar 21 2025 - 14:28
  • 10
  • مطالعہ کی مدت : 2 minute(s)

کراچی میں اسلامی ناشرین کی کتابی نمائش میں ایران کے ثقافتی مرکز کی شاندار شرکت

کراچی میں شیعہ ناشرین کی سالانہ کتابی نمائش بڑے پیمانے پر منعقد کی گئی، جس میں خانه فرهنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے متنوع علمی و ثقافتی کتب کی نمائش کی۔

کراچی میں شیعہ ناشرین کی سالانہ کتابی نمائش بڑے پیمانے پر منعقد کی گئی، جس میں خانه فرهنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے متنوع علمی و ثقافتی کتب کی نمائش کی۔ یہ نمائش رواں ہفتے کے آغاز سے جاری ہے، جس کا مقصد اسلامی نظریات کو فروغ دینا اور شیعہ مکتب فکر کے اہم علمی و فکری آثار کو متعارف کروانا ہے۔ اس میں پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک سے درجنوں ناشرین نے شرکت کی اور اپنی تازہ ترین علمی و تحقیقی کتب پیش کیں۔

ایران کلچرل سینٹر، کراچی نے اس نمائش میں ایک خصوصی اسٹال لگایا، جہاں اسلامی و ثقافتی موضوعات پر مبنی اہم کتابیں پیش کی گئیں۔ ان میں "انسان ۲۵۰ سالہ" (رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بیانات پر مشتمل)، "هنر زنانه زیستن" (ڈاکٹر جمیلہ علم‌الهدی کی تصنیف) اور "هنر زن بودن" (محسن پوراحمد خمینی کا اہم تحقیقی کام) شامل تھیں، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔

ایران کلچرل سینٹر کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سعید طالبی‌نیا نے نمائش میں شریک ناشرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں ایران اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط کو مستحکم کرنے اور اسلامی نظریات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ دارالثقلین پبلکیشنز، شہید مطہری فورم، طاہراز، محفوظ بک ایجنسی، الکساء فاؤنڈیشن، متاب پبلیکیشنز، ایلیا پبلیکیشنز کراچی، شہید فاؤنڈیشن پاکستان، ادارہ تنزیل القرآن، خوجہ جماعت یوتھ، مؤسسہ امام باقرؑ، بقیّہ بک بینک، افتا ویلفیئر ٹرسٹ سمیت دیگر پبلشرز اور اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ کتب میلے کے دوران ٹیم "دین اور ہم" کی جانب سے شرکاء خصوصاً نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا۔ اس موقع پر معروف علماء کرام نے خاندانی مسائل، تلاوت و قرأت کی مہارت، سیاسی معاملات اور مطالعے کی اہمیت جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ میلے میں بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں کمسن بچوں نے بڑی دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔ دو روزہ کتب میلے میں طلبہ، طالبات، خواتین اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور رعایتی قیمت پر معیاری کتابیں خریدیں۔

کتب میلے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد شہریوں کو بڑھتی مہنگائی کے باوجود رعایتی نرخوں پر معیاری کتب فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال اس نمائش میں شرکاء کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اور شہریوں کی یہ خواہش ہے کہ کتب میلے کا دورانیہ کم از کم چار سے پانچ دن تک بڑھایا جائے اور سال میں دو بار اس کا انعقاد کیا جائے۔

یہ سالانہ کتب میلہ نہ صرف علمی و فکری حلقوں کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے بلکہ پاکستان میں اسلامی ثقافت اور دینی معارف کے فروغ کا بھی ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔






کراچی پاکستان

کراچی پاکستان

تصاویر

اپنا تبصرہ لکھیں.

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: