خانه فرهنگ اسلامی جمهوری ایران کراچی میں فلسطینی اور لبنانی شہداء کی یاد میں شعری کانفرنس کا انعقاد
خانه فرهنگ اسلامی جمهوری ایران کراچی میں فلسطینی اور لبنانی شہداء کی یاد میں شعری کانفرنس کا انعقاد
یوم اقبال کے ایام کی مناسبت سے شہدائے قدس، اسماعیل ھنیہ، سیدحسن نصر اللہ، سید ہاشم صفی الدین، یحییٰ سنور اور فلسطین و لبنان کے دیگر ہزاروں شہداء کی یاد میں خانه فرهنگ ایران کراچی میں ایک عظیم الشان کانفرنس
یوم اقبال کے ایام کی مناسبت سے شہدائے قدس، اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصر اللہ، سید ہاشم صفی الدین، یحییٰ سنور اور فلسطین و لبنان کے دیگر ہزاروں شہداء کی یاد میں خانۂ فرهنگ ایران کراچی میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے پوتے آزاد اقبال، خانۂ فرهنگ ایران کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا، ایران سے آئے ہوئے اہم دانشور ڈاکٹر حسین پور اور ڈاکٹر عدیل خانی، اور مقامی ممتاز شاعروں و سماجی و ثقافتی شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد ایران اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔
خانۂ فرهنگ ایران کراچی کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے خیرمقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے، تقریب کے مہمانوں، بالخصوص جناب آزاد اقبال، ڈاکٹر حسین پور اور ڈاکٹر عدیل خانی کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا: "خانۂ فرهنگ ایران کراچی کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مشرق کے عظیم شاعر علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے پوتے جناب آزاد اقبال صاحب اس کانفرنس میں شریک ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس محفل میں کراچی کے معروف شعراء و ادباء کی بھرپور شرکت اور شعرسرائی، فلسطین اور لبنان کے مجاہدین کے اہداف کو تقویت بخشے گی۔"
آزاد اقبال نے کانفرنس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دینے پر خانۂ فرهنگ ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "میرے خیال میں آج کے پرآشوب دور میں مسلم معاشرے کو ذہنی غلامی سے نجات دینے کے لیے اقبال کے پیغام اور فکر کو عام کرنے کی نہایت ضرورت ہے، جو کہ مسلمان ادیبوں اور دانشوروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان دنوں فلسطین اور لبنان کے مظلوم عوام بدترین ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ اب تک ہزاروں مرد و خواتین حتیٰ کہ کم سن بچوں کا بھی قتل عام کیا جا چکا ہے۔ ان حالات کے تناظر میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے کہا تھا کہ مغرب کی طاقتوں نے پہلے مسلمانوں کو ان کے مذہب سے دور کیا، پھر وہ ان پر غلبہ پانے میں کامیاب ہوئے۔ علامہ اقبال نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے لیے غلامی اور مغربی تسلط سے آزادی کا واحد حل امت کے اتحاد اور یکجہتی میں مضمر ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "علامہ اقبال یہ فرماتے تھے کہ اگر یہودیوں کو سرزمین فلسطین پر حکومت اور تسلط کا حق ہے تو مسلمانوں کو اسپین پر حکومت کرنے کا حق کیوں نہیں؟"
ڈاکٹر حسین پور نے فلسطینی اور لبنانی شہداء کی یاد میں کانفرنس کے انعقاد پر خانۂ فرهنگ ایران اور کراچی کے ممتاز شعراء کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا: "میں پاکستانی شعر و ادب کی معتبر شخصیات کے درمیان اس محفل میں شرکت کو اپنے لیے ایک بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں، جو فلسطین اور لبنان کے مظلوموں کی حمایت میں یہاں ہوئے ہیں۔"
اس کانفرنس میں تقریباً تیس نامور شعراء نے فلسطین اور لبنان کے شہداء کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا اور اسرائیل و عالمی سامراج کی بھرپور مذمت کی۔ واضح رہے کہ خانۂ فرهنگ کے توسط سے منعقد ہونے والے شعری مقابلے میں کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، لاہور، ملتان، قم اور کینبرا - آسٹریلیا سے تقریباً 120 شعراء نے حصہ لیا اور اردو، فارسی اور انگریزی زبانوں میں 174 نظم اور غزلیں ارسال کیں۔
خانۂ فرهنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے بتایا کہ شاعروں کی طرف سے ارسال کی گئی تمام نظموں اور غزلوں کو فارسی میں ترجمہ کے ساتھ ایک شعری مجموعہ کی شکل میں شائع کیا جائے گا۔
اپنا تبصرہ لکھیں.