شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کی یاد میں خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی میں پروقار تقریب
سلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، ثقافتی قونصلر مجید مشکی، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی، مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ناصر عباس شیرازی سمیت متعدد اہم شخصیات، یونیورسٹیز کے اساتذہ، طلباء اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی
خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی میں شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کی یاد میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، ثقافتی قونصلر مجید مشکی، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی، مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ناصر عباس شیرازی سمیت متعدد اہم شخصیات، یونیورسٹیز کے اساتذہ، طلباء اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا شہید سید حسن نصراللہ امام خمینی (رح) اور مقام معظم رهبری کے حقیقی سپاہی تھے، اور ان کی زندگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کس طرح اللہ کی راہ میں سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے۔ ان کی جرات و استقامت نے حزب اللہ کو مزید مضبوط کیا اور اسرائیل کی فوجی طاقت اورعالمی طاقتوں کی پشت پناہی کے باوجود اسے شکست سے دوچار کیا۔انہوں نے مزید کہا حسن نصراللہ کی زندگی ایک روشن مثال ہے، جس میں انہوں نے لبنان اور فلسطین کے مسلمانوں کو اسرائیلی مظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور اپنی سرزمین کا دفاع کرنے کا سبق دیا۔ ان کی شہادت کے بعد ان کے تشییع جنازہ میں لاکھوں لوگوں کی شرکت نے ان کی عوام میں بے پناہ مقبولیت کو ثابت کر دیا۔
ثقافتی قونصلر آقای مجید مشکی نے اپنے خطاب میں کہا سید حسن نصراللہ کی سچائی اور شجاعت کا اعتراف صرف ان کے حامیوں نے نہیں، بلکہ ان کے دشمنوں نے بھی کیا۔ ان کی رہنمائی میں حزب اللہ نے اسرائیل کو لبنان سے نکال باہر کیا، جو حزب اللہ کی غیر معمولی کامیابی کا بین ثبوت ہے۔ امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے کہا سید حسن نصراللہ امام خمینی (رح) اور رہبر معظم انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے ساتھ اپنی وفاداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جنگ میں پیش پیش رہے اور جام شہادت نوش کیا۔ جماعت اہل حرام کے سربراہ علامہ مفتی گلزار نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا سید حسن نصراللہ نے نہ صرف لبنان بلکہ فلسطین اور غزہ میں بھی مسلمانوں کے اتحاد کے لیے اہم کردار ادا کیا شہید حسن نصراللہ کی عوامی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ بیروت میں ان کے تشیع جنازہ میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل ناصرعباس شیرازی نے اپے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی نابودی اب کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، اور حزب اللہ نے ثابت کیا کہ وہ کسی بھی وقت اسرائیل کو چیلنج کر سکتی ہے۔انہوں نے مسلم ممالک سے درخواست کی کہ وہ اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں اور حزب اللہ اور حماس کے ساتھ تعاون بڑھائیں۔
آخر میں، خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مهدی طاہری نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصراللہ کی قربانیاں اور ان کا مشن ہمیشہ مسلمانوں کے دلوں میں زندہ رہے گا، اور اس قسم کی تقریبات ان کے افکار و نظریات کو مزید پھیلانے میں مددگار ثابت ہوں گی.
اپنا تبصرہ لکھیں.