خانۂ فرہنگ ایران راولپنڈی میں ایران کی یونیورسٹیوں میں داخلے کے حوالے سے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد
ایران کی یونیورسٹیوں میں داخلے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی

خانۂ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران راولپنڈی میں ایران کی یونیورسٹیوں میں داخلے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد ایران میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع، داخلے کے طریقہ کار، یونیورسٹیوں کی اقسام، اور سکالرشپس کے بارے میں تفصیل سے معلومات فراہم کرنا تھا۔
خانۂ فرہنگ ایران راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مہدی طاہری نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ایران میں تعلیم حاصل کرنے کے فوائد پر روشنی ڈالی، جن میں کم اخراجات، ایڈجسٹمنٹ کی آسانی، اور ایران کے کھانوں اور ثقافت کی پاکستانی کھانوں سے مماثلت شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے فارسی زبان سیکھنا ضروری ہے، اور اس مقصد کے لیے خانۂ فرہنگ میں جاری فارسی کورسز کی کلاسز سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
ورکشاپ کے آغاز میں خانۂ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران راولپنڈی کے ایڈمیشن ڈیسک کے انچارج نصرت شیرازی نے ایران کے تعلیمی ماحول، تدریسی زبان، سکالرشپس، اور داخلے کے عمل کے بارے میں آگاہ کیا اور شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی حوصلہ افزائی کی گئی اور مستقبل میں اس طرح کے مزید آن لائن سیشنز کے انعقاد کی توقع ظاہر کی گئی۔
اپنا تبصرہ لکھیں.