خانۂ ثقافت ایران راولپنڈی میں گلستان خوانی ورکشاپ اختتام پذیر
اختتامی تقریب میں مقتدرہ قومی زبان کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور "گلستان" کے آٹھویں باب "آدابِ گفتگو" میں موجود ابواب کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی
خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی میں گذشتہ دو ماہ سے جاری "گلستان خوانی ورکشاپ" اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ ورکشاپ ہر جمعہ کو منعقد ہوتی تھی، جس میں اساتذہ، طلباء اور فارسی زبان و ادب کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد ایران کے معروف شاعر شیخ سعدی کی مشہور کتاب "گلستان" کے مفاہیم اور تعلیمات سے آگاہی حاصل کرنا اور فارسی زبان کا فروغ تھا۔
ورکشاپ نے اساتذہ اور طلباء کے درمیان علمی اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا، جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو فارسی ادب سے روشنی حاصل کرنے کا موقع ملا۔
اختتامی تقریب میں مقتدرہ قومی زبان کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور "گلستان" کے آٹھویں باب "آدابِ گفتگو" میں موجود ابواب کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی کی جانب سے ادبی محافل کے انعقاد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اس تقریب میں ثقافتی قونصلر مجید مشکی، فارسی زبان و ادب کے اساتذہ ڈاکٹر مهر نور محمد خان، ڈاکٹر مظفر علی کشمیری، ڈاکٹر فیاض گوندل، ڈاکٹر چاند بی بی، اور ڈاکٹر علی کمیل قزلباش سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مهدی طاہری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فارسی زبان و ادب کے فروغ کے لیے شاعروں اور اساتذہ کی مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی میں ادبی نشستوں اور محافل کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ فارسی زبان کا فروغ ہوتا رہے۔
اپنا تبصرہ لکھیں.