خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی اور آبرو ئے ملت سکول سسٹم و ’’روح’’ نامی پلیٹ فارم کے اشتراک سے آبروئے ملت سکول اینڈ کالج راولپنڈی میں یوم اقبال کی تقریب
خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی اور آبروئےملت سکول سسٹم و ’’روح ‘‘ نامی پلیٹ فارم کے اشتراک سے یوم اقبال کی تقریب آبروئے ملت سکول اینڈ کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی
خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی اور آبروئےملت سکول سسٹم و ’’روح ‘‘ نامی پلیٹ فارم کے اشتراک سے یوم اقبال کی تقریب آبروئے ملت سکول اینڈ کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خانہ فرہنگ ایران راولپندی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مہدی طاہری نے کہا علامہ اقبال بہت سی زبانوں کے ماہر تھے حتی کہ یہاں تک کہا جاتا ہے کہ علامہ اقبال 12 زبانوں سے آشنائی اور واقفیت رکھتے تھے لیکن انہوں نے کئی جگہ پر یہ کہا ہے کہ میں نے اپنے افکار کے اظہار کے لیے فارسی کو ذریعہ اظہار بنانا بہتر سمجھا۔ انہوں نے یورپ کے اس واقعے کا ذکر بھی کیا جہاں اقبال کی اردو شاعری سن کر ان کے ایک دوست نے ان سے فارسی زبان میں شعر لکھنے اور کہنے کی فرمائش کی تو اسی دن سے اقبال نے اپنی فارسی شعر گوئی اور فارسی غزل گوئی کا آغاز کیا۔ انہوں نے ایک انگریزی مجلے کو دئیے گئے اقبال کے انٹرویو کا بھی ذکر کیا جس میں اقبال نے اپنی فارسی شاعری کے حوالے سے فارسی زبان کو اپنے افکار کے اظہار کا موثر ذریعہ قرار دینے پر زور دیا تھا۔ ڈاکٹر مہدی طاہری نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ اقبال کی شاعری کا تقریبا 80 فیصد حصہ فارسی زبان میں ہے جو اس زبان کی توانائی اور اقبال کے افکار کی فارسی زبان میں ظہور پر دلیل ہے۔ انہوں نے ایمبلم سکول سسٹم کی مینجمنٹ اور سٹوڈنٹس و اساتذہ کو یوم اقبال منانے پر خراج تحسین پیش کیا. اس سے پہلے ایمبلم سکول کے چیئر پرسن اور ’’روح‘‘ نامی پلیٹ فارم کے روح رواں لیفٹنٹ کرنل (ر) مرتضی علی شاہ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا. مہمان خصوصی کی تقریر سے پہلے فارسی زبان و ادب کے استاد ڈاکٹرسید اسد علی کاظمی نے اقبال کی حکمت اور دانائی کے حوالے سے گفتگو کی اور اقبال کی حکمت و فارسی شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جسے اساتذہ اور مہمانوں نے خوب سراہا. تقریب کے دوران مختلف کلاسز کے بچوں نے اقبال کے فارسی کلام سے چھ سے سات ترانے اور نظمیں پیش کیں۔ علاوہ ازیں’’روح‘‘ نامی پلیٹ فارم کے ممبر اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر علامہ ابرار خان اور کرنل مرتضی علی شاہ نے خطاب کیا۔
کھانے کے وقفے کے دوران ڈاکٹر مہدی طاہری سے گفتگو میں اکثر اساتذہ نے ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور کے حوالے سے ایران اور پاکستان کے مشترکات کے نکات اٹھائے جس میں اساتذہ کی ایران میں مختلف تعلیمی کورسز میں شمولیت، ٹیچرز ٹریننگ کورسز ، سٹوڈنٹس کے ایران میں سکالرشپ حاصل کرنے کے طریقہ کار،نیز ایرانی یونیورسٹیوں کے وزٹ اور ان میں داخلے کے طریقہ کار کے حوالے سے مختلف سوالات شامل تھے۔پروگرام کے اختتام پر ڈائریکٹر خانہء فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی ڈاکٹر مہدی طاہری کو لیفٹنٹ کرنل (ر) مرتضیٰ علی شاہ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
اپنا تبصرہ لکھیں.