خانہ فرہنگ حیدرآباد کے ڈائریکٹر جنرل رضا پارسا سے انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری کی ملاقات
13 ستمبر 2023 بروز بدھ کو خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران حیدرآباد کے ڈائریکٹر جنرل رضا پارسا نے انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری، بیرو چیف حیدرآباد ڈویژن سٹار ایشیا نیوز ٹی وی سینئر صحافی جہانزیب علی کاتیار سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں اسٹار ایشیا نیوز کے رپورٹر سید غضنفر شاہ اور کیمرا مین اشتیاق حسین بھی موجود تھے۔
یہ ملاقات محتشم کاشانی کی شاعری کے سندھی ترجمے کی رونمائی کے سلسلے میں تھی جس میں جناب جہانزیب علی نے فارسی ادب کا سندھی زبان میں ترجمہ کرنے کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسٹار ایشیاء نیوز خانہ فرہنگ کے ساتھ میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے سلسلے میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
پھر خانہ فرہنگ حیدرآباد کے ڈائریکٹر جنرل رضا پارسا نے دونوں ممالک کے میڈیا کے باہمی تعلق اور تعاون کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ: "بدقسمتی سے مغربی میڈیا کے باعث دونوں ممالک کے باشندے ایک دوسرے کے متعلق وہ خیالات و نظریات رکھتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میرے لیے یہ بہت حیرت کی بات تھی کہ جب میں نے کچھ پاکستانی پروفیسرز اور ماہرین سے ملاقات کی اور ان سے ان کے ایران کے سفر کے بارے میں پوچھا تو مجھے منفی جوابات سننے کو ملے۔ جبکہ ان حضرات کو مالی مسائل بھی درپیش نہیں تھے مگر اس کی وجہ ان کے یورپ کے سفر ہیں۔ میں نے جب مزید غور و فکر کیا تو اس نتیجے پر پہنچا کہ ایران سے متعلق ان حضرات کے منفی خیالات و نظریات کی اصل وجہ وہ پروپیگنڈے ہیں جو ایران کے خلاف میڈیا کے توسط سے ہوئے ہیں۔ میں نے ان شخصیات سے ملاقات کے دوران کوشش کی ہے کہ ان کے منفی خیالات و نظریات کی تصحیح کر سکوں مگر بہرحال اس مسئلے کا حل ان دو ملکوں کے میڈیا کے ہاتھ میں ہے۔ اور آپ میڈیا کے ایک رکن ہونے کی حیثیت سے لوگوں کے ان منفی خیالات و نظریات کی تصحیح کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔" جناب جہانزیب نے رضا پارسا کی ان باتوں کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ "اسٹار ایشیا نیوز تیار ہے کہ ایک ٹیم تیار کرنے کے بعد ایران سے متعلق ڈاکیومنٹریز بنائے اور موجودہ ایران کے حقائق اور پرکشش پہلوؤں کو پاکستانی عوام سے متعارف کروائے۔" رضا پارسا نے اس بات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں بھی اس پہلو پر غور و فکر کروں گا۔
آخر میں رضا پارسا نے محتشم کاشانی کی شاعری کے سندھی ترجمے کی کتاب جناب جہانزیب کو پیش کی۔
اپنا تبصرہ لکھیں.