• Dec 20 2023 - 01:45
  • 61
  • مطالعہ کی مدت : 3 minute(s)

خانہ فرہنگ حیدآباد کے ڈائریکٹر جنرل کی سندھی ادبی بورڈ کی سیکرٹری گل بدن جاوید مرزا سے ملاقات

خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران حیدآباد کے ڈائریکٹر جنرل رضا پارسا نے 26 اکتوبر 2023 بروز جمعرات کو سندھی ادبی بورڈ کی سیکرٹری اور شاعرہ گل بدن جاوید مرزا سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اس ملاقات میں بنیادی تعارف کے بعد، گل بدن جاوید مرزا صاحبہ نے سندھی ادبی بورڈ کی سرگرمیوں بالخصوص کتابوں کی نشر و اشاعت اور سندھی مکتوب کی میراث کی حفاظت کے متعلق گفتگو کی اور کہا کہ سندھی ادبی بورڈ کے حالیہ ڈائریکٹر جناب مخدوم سعید الزمان عاطف نے نشر و اشاعت بالخصوص تاریخ پر خاص توجہ دی ہے اور وہ اس کوشش میں ہیں کہ اس ادارے کے پاس جو قلمی نسخے ہیں انہیں محفوظ کیا جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ: ہمارے پاس تقریباً پانچ سو قلمی نسخے موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر سندھی، فارسی اور عربی زبان میں ہیں اور ان میں سے 100 نسخے فارسی زبان میں ہیں۔ ان میں سے اکثر کتابیں زبوں حالی کا شکار ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ان کی ڈیجیٹل اشاعت سے انہیں انٹرنیٹ پر محققین کے لیے مہیا کیا جائے البتہ طباعت اور اشاعت کے حقوق اسی طرح سندھی ادبی بورڈ کے پاس محفوظ ہوں گے۔

سندھی ادبی بورڈ کی سیکرٹری نے اپنی گفتگو کے اک اور حصے میں کہا کہ: ہم چاہتے ہیں کہ فارسی زبان میں جو زیادہ نایاب اور اہم قلمی نسخے ہیں ان میں سے بعض کو ڈیجیٹل بنانے سے پہلے، طباعت کے مرحلے تک پہنچائیں اور اس کام کے لیے ہمیں آپ سے مدد درکار ہے۔ میں آپ کو دعوت دیتی ہوں کہ آپ سندھی ادبی بورڈ تشریف لائیں اور قریب سے ان قلمی نسخوں کا جائزہ لیں۔ اگلے سال ہمارے ادارے میں زبانوں کے موضوع پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ آپ اس میں شرکت کریں اور فارسی زبان سے متعلق گفتگو کریں۔

رضا پارسا نے خانہ فرہنگ تشریف لانے پر گل بدن جاوید مرزا صاحبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ: مکتوب کی میراث اور قلمی نسخوں کی حفاظت ایک بہت ہی اہم کام ہے اور یہ بہت اچھی بات ہے کہ سندھی ادبی بورڈ نے اس پہلو پر خاص توجہ دے رہا ہے۔ فارسی زبان برسوں تک اس خطے کی رسمی اور سرکاری زبان رہی ہے اور یہ تعجب کی بات نہیں کہ برصغیر میں موجود زیادہ تر قلمی نسخے فارسی زبان میں ہیں۔ ایران میں سازمان اسناد، ایران کا قومی کتب خانہ اور آستان قدس رضوی کتب خانہ ایران میں موجود چند ایسے ادارے ہیں جو خصوصی طور پر قلمی نسخوں کو محفوظ کرنے اور مرمت کرنے پر کام کر رہے ہیں اور ان نسخوں کو محققین کے لیے بھی مہیا کرتے ہیں۔

خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ: سندھی ادبی بورڈ میں موجود فارسی قلمی نسخوں کی طباعت سے پہلے یہ لازمی ہے کہ اس میدان کے ماہرین پہلے ان نسخوں کا جائزہ لیں تا کہ ان نسخوں کی قدمت اور ان کے نفیس ہونے کی نشان دہی ہو جائے۔ میں یہ مشورہ دیتا ہوں کہ سندھی ادبی بورڈ قلمی نسخوں کے حوالے سے ایک یا دو ماہرین کو ایران سے مدعو کریں تا کہ وہ کچھ دن حیدرآباد میں آپ مہمان ہوں اور قریب سے ان نسخوں کا جائزہ لیں۔ ایک طریقہ کار یہ بھی ہے کہ قلمی نسخوں کو ایران بھیج کر ماہرین سے ان کا تجزیہ کروایا جائے۔ 

خانہ فرہنگ حیدرآباد کے ڈائریکٹر جنرل نے زبانوں کے موضوع پر منعقد ہونے والی کانفرنس میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا: میں اس کانفرس میں شرکت کرنے کی دعوت کو قبول کرتا ہوں لیکن اس کانفرنس میں اگر ایران کے زبان شناس اساتذہ کی شرکت کے اسباب پیدا ہو جائیں تو بہت اچھا رہے گا۔

گل بدن جاوید مرزا صاحبہ نے ایرانی ماہرین کے توسط سے قلمی نسخوں کے جائزہ لینے کے مشورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ایرانی اساتذہ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں اور میں اس حوالے سے سندھی ادبی بورڈ کے ڈائریکٹر سے بھی گفتگو کروں گی۔ قلمی نسخوں کو ایران بھیجنے کے مشورے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر یادگار طور پر گل بدن جاوید مرزا صاحبہ کی خدمت میں قلمکاری جانماز پیش کیا گیا جو اصفہان کے دستکاری میں شمار کیا جاتا ہے۔

حیدرآباد پاکستان

حیدرآباد پاکستان

تصاویر

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: