• Apr 2 2023 - 04:07
  • 514
  • مطالعہ کی مدت : 3 minute(s)

خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران حیدرآباد سندھ میں جشنِ نوروز کا انعقاد کیا گیا۔

ڈائیریکٹر رضا پارسا اور ڈاکٹر بھائی خان شر نمائش گاہ کا افتتاح کرتے ہوئے۔

یکم فروردین 1402 بمطابق 22 مارچ 2023 بروز منگل کو خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران حیدرآباد سندھ میں جشن نوروز کی مناسب سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران حیدرآباد سندھ کے مصوری اور خطاطی کے شاگردوں کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹس جامشورو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بھائی خان شر تھے۔ جشنِ نوروز کی اس تقریب میں شہید اللہ بخش یونیورسٹی کے کچھ اساتذہ، خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران حیدرآباد سندھ کے شاگردوں کے اہلِ خانہ اور ایرانی ثقافت میں دلچسپی رکھنے والے کئی لوگوں نے شرکت کی۔

اس تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور نعتِ رسولِ مقبول (ص) سے کیا گیا۔ اس کے بعد نمائش کا افتتاح ڈاکٹر بھائی خان شر اور خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران حیدرآباد سندھ کے ڈائیریکٹر رضا پارسا نے کیا۔ بھائی خان شر اور رضا پارسا نے نمائش گاہ میں موجود فن پاروں کا جائزہ لیا۔ ان فن پاروں کے تخلیق کاروں نے نوروز اور دیگر موضوعات پر مبنی اپنے فن پاروں کی وضاحت بھی کی۔

فن پاروں کا جائزہ لینے کے بعد نوروز کے متعلق شرکاء کو چند ویڈیوز اردو سب ٹائٹل کے ساتھ دکھائی گئیں جن میں رہبر معظم انقلاب کے خطبات بھی شامل تھے۔ اس کے بعد ادیب و دانشور احسان علی لغاری بلوچ اور ڈاکٹر بھائی خان شر نے جشنِ نوروز اور ایرانیوں کے آداب و رسومات پر اظہارِ خیال کیا۔ بھائی خان شر نے نمائش گاہ میں موجود فن پاروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں مجھے لگا کہ نمائش گاہ میں موجود یہ فن پارے یونیورسٹی کے شاگردوں کی تخلیق ہے لیکن جب مجھے یہ معلوم ہوا کہ یہ فن پارے خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران حیدرآباد کے شاگردوں کے شاہکار ہیں تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔ اس تقریر کے بعد ان فن پاروں کے تخلیق کاروں کو اسناد دی گئیں اور اس نمائش گاہ میں مصوری اور خطاطی میں پہلی، دوسری اور تیرسی پوزیشن حاصل کرنے والے فن شاگردوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔

اس تقریب کا اختتام خانہ فرہنگ کے ڈائیریکٹر کی تقریر پر ہوا۔ ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران حیدرآباد رضا پارسا نے ابتداء میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے خانہ فرہنگ کی دعوت کو قبول کر کے اس تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ بعد میں ڈائریکٹر خانہ فرہنگ نے نوروز اور سال کے آغاز پر دعا پڑھنے والی رسم پر بات کرتے ہوئے کہا ہمیں یہ کوشش کرنی چاہیے کہ قدرت کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ ہمارے وجود میں بھی تبدیلی رونما ہو اور ہم گزرے ہوئے سال کی بنسبت نئے سال میں مزید اچھے انسان بن سکیں۔ خانہ فرہنگ کے ڈائیریکٹر نے رھبر معظم انقلاب اسلامی ایران کے توسط سے نئے سال کے رکھے گئے نام "مہنگائی پر کنٹرول اور پیداوار کی ترقی" پر بھی روشنی ڈالی اور آرزو کی کہ ایران اور پاکستان دونوں ملکوں میں مہنگائی کا مسئلہ حل ہو جائے اور مہنگائی کی وجہ سے عوام پر جو بوجھ ہے وہ بھی کم ہو جائے۔

تقریب میں سفرہ ہفت سین بھی لگایا گیا تھا جو شرکاء اور مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا جس کے ساتھ مہمانوں نے تصویریں بھی کھینچیں۔ اس سال شاگردوں نے انڈوں کو پہلے سے ہی رنگوں سے مزین کر دیا تھا اور یہ ایرانی رسم نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کی توجہ کا بھی مرکز بنی رہی۔ ان انڈوں کی تیاری دیکھ کر تمام بچے ایک جگہ جمع ہوئے اور بڑے شوق و ذوق سے انڈوں کو رنگوں سے مزین کیا۔

عسگر فارسی عباس آبادی

عسگر فارسی عباس آبادی

تصاویر

اپنا تبصرہ لکھیں.

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: