• Jul 31 2024 - 15:36
  • 17
  • مطالعہ کی مدت : 1 minute(s)

جناب اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر رہبر انقلاب کا پیغام:

صیہونی حکومت نے ہمارے مہمان شہید ہنیہ کو قتل کر کے اپنے لیے سخت سزا کی راہ ہموار کر لی ہے

حماس کے پولیت بیورو کے سربراہ عظیم مجاہد جناب اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای نے ایک پیغام میں عالم اسلام، مزاحمتی محاذ اور فلسطین کی سرفراز قوم کو اس شجاع لیڈر اور نمایاں مجاہد کی شہادت کی تعزیت پیش کی ہے اور زور دے کر کہا ہے کہ مجرم اور دہشت گرد صیہونی حکومت نے اس اقدام کے ذریعے اپنے لیے سخت سزا کی راہ ہموار کر لی اور ہم ان کے خون کے انتقام کو، جو اسلامی جمہوریہ ایران میں شہید ہوئے، اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی کے اس تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
     

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

ایران کی عزیز قوم!

فلسطین کے شجاع لیڈر اور نمایاں مجاہد جناب اسماعیل ہنیہ گزشتہ رات خالق حقیقی سے جا ملے اور مزاحمت کا عظیم محاذ سوگوار ہو گیا۔ مجرم اور دہشت گرد صیہونی حکومت نے ہمارے عزیز مہمان کو ہمارے گھر میں شہید کر دیا اور ہمیں داغدیدہ بنا دیا لیکن اس نے اپنے لیے سخت سزا کی راہ بھی ہموار کر لی۔

شہید ہنیہ برسوں سے ایک شرافتمندانہ جنگ کے میدان میں اپنی جان اپنی ہتھیلیوں پر لیے ہوئے تھے اور شہادت کے لیے تیار تھے اور اس راہ میں انھوں نے اپنے بیٹوں اور اقرباء کی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ انھیں راہ خدا میں شہید ہو کر خدا کے بندوں کو نجات دلانے سے خوف نہیں تھا لیکن ہم اس تلخ اور سخت واقعے میں، جو اسلامی جمہوریہ کی حدود میں انجام پایا ہے، ان کے خون کے انتقام کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

میں امت مسلمہ، مزاحمتی محاذ اور فلسطین کی شجاع اور سرفراز قوم بالخصوص شہید ہنیہ کے اہل خانہ اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے ان کے ایک ساتھی کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور خداوند متعال سے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای

31 جولائی 2024 مطابق 25 محرم 1446

راولپندی پاکستان

راولپندی پاکستان

اپنا تبصرہ لکھیں.

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: