• Jun 10 2025 - 11:01
  • 96
  • مطالعہ کی مدت : 5 minute(s)

ایران کی دستکاری: تہذیبی حسن، فنونِ لطیفہ کا آئینہ

ایرانی دستکاری اس تہذیب و تمدن کی زندہ علامت ہے جو صدیوں سے اس سرزمین کے باسیوں کے فن، محنت اور ذوقِ جمالیات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کسی بھی ملک کی تہذیبی شناخت، ثقافتی ورثے اور تاریخی تسلسل کی سب سے واضح جھلک اس کی قدیم دستکاریوں میں دیکھی جا سکتی ہے۔ یہ دستکاریاں کسی قوم کے ذوق، مزاج، فنونِ لطیفہ سے وابستگی اور تاریخ سے جڑے رہنے کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں۔ ایران ان معدودے چند ممالک میں شامل ہے جو اپنی عظیم الشان تہذیب، منفرد ثقافت اور قدیم روایات کے باعث دنیا بھر میں ممتاز اور منفرد مقام رکھتے ہیں۔ ایرانی دستکاری اس تہذیب و تمدن کی زندہ علامت ہے جو صدیوں سے اس سرزمین کے باسیوں کے فن، محنت اور ذوقِ جمالیات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایرانی دستکاری کا تعلق صرف تاریخ اور ثقافت تک محدود نہیں رہا بلکہ اب اس نے سیاحت اور معیشت جیسے اہم شعبوں میں بھی اپنی جگہ بنا لی ہے۔ ایران میں دستکاری کی صنعت کو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ایرانی حکومت اور عوام نے مل کر اس قدیم فن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے عالمی سطح پر متعارف کرایا ہے اور آج ایران ان چند ممالک میں شامل ہے جو دستکاری کے ذریعے نمایاں مقدار میں زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ اس وقت ایران دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جو دستکاری کی مصنوعات تیار کرتا ہے، اور یہ امر باعثِ فخر ہے کہ ایران کے گیارہ شہر اور تین دیہات دستکاری کے عالمی فہرست میں اپنی منفرد مہارت، اعلیٰ معیار اور تاریخی حیثیت کی بنا پر درج ہو چکے ہیں۔ ان شہروں کی رجسٹریشن نہ صرف ایرانی ثقافت کی گواہی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے ایران کی ہنرمندی کا اعتراف بھی ہے۔ ایران کی سرزمین کو بجا طور پر فنونِ لطیفہ کا گہوارہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہاں کے فنکاروں نے صدیوں سے ہاتھ کے ہنر کو زندہ رکھا، اس میں جدت پیدا کی اور اسے نسل در نسل منتقل کیا۔ اسلامی انقلاب کے بعد ایرانی حکومت نے اس ورثے کی ترقی کے لیے فنکاروں کی بھرپور سرپرستی کی، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا، تربیتی مراکز قائم کیے اور مارکیٹ تک رسائی کے مواقع فراہم کیے۔ انہی اقدامات کے باعث آج ایرانی دستکاری عالمی سطح پر پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں اور مقبول ہو چکی ہے۔ ایرانی فنونِ لطیفہ میں فنِ تعمیر، مصوری، قالین بافی، کاشی گری، خطاطی اور چوب کاری جیسے بے شمار فنون شامل ہیں جن کی عالمی منڈیوں میں بھرپور مانگ ہے۔ دستکاری کی صنعت نہ صرف ایران کی ثقافت کی عکاس ہے بلکہ اس کا براہ راست تعلق قومی معیشت سے بھی ہے۔ یہ صنعت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایران کی عالمی شناخت کو بھی تقویت دیتی ہے۔ قالین بافی کی اگر بات کی جائے تو ایران اس فن کا عالمی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ ایرانی قالینوں کی تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہے۔ ایران کے مختلف دیہات، قصبے اور شہر ایسے ماہرین سے بھرے پڑے ہیں جو قالین بافی کے قدیمی اور روایتی ہنر میں مہارت رکھتے ہیں۔ قالین بافی کے متعدد تربیتی مراکز آج بھی فعال ہیں جہاں نوجوان نسل اس عظیم ہنر کو سیکھ رہی ہے۔ ایرانی قالین دنیا بھر میں اپنی نفاست، رنگوں کے امتزاج، دیزائن، اور معیار کی بنا پر مقبول ہیں اور ان کی برآمد سے ملک کو قابلِ قدر زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ اگرچہ ایران کے تمام صوبے کسی نہ کسی حد تک دستکاری کے مختلف شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں، تاہم بعض علاقے اپنی مخصوص دستکاریوں کے حوالے سے عالمی سطح پر نمایاں حیثیت کے حامل ہیں۔ مثلاً، صوبہ اصفہان جو دستکاری کے شعبے میں دنیا بھر میں معروف ہے، اسے عالمی دستکاری فہرست میں خاص مقام حاصل ہے۔ یہاں کی میناکاری اور خاتم کاری نہایت مقبول ہیں۔ اسی طرح صوبہ گیلان کا گاوں قاسم آباد چادر بافی کے لیے عالمی شہرت رکھتا ہے۔ یہاں کی خاص چادر ’’چادر شب‘‘ نہ صرف روزمرہ استعمال بلکہ شادی بیاہ کے مواقع پر تحفہ اور جہیز کے طور پر بھی دی جاتی ہے۔ یہ چادر ایرانی خواتین کے طرزِ زندگی اور مقامی ثقافت کا آئینہ دار فن پارہ ہے۔ صوبہ ہمدان مٹی کے برتن بنانے کی صنعت میں مشہور ہے، جہاں کی تیار کردہ اشیاء روایتی حسن اور افادیت کی بہترین مثال ہیں۔ شہر زنجان کی کڑھائی، جو اپنے قدیمی اور اصلی انداز کی وجہ سے ممتاز ہے، بھی ایرانی دستکاری کا ایک روشن پہلو ہے۔ شہر سیرجان اپنے قالی نما گلیم کے منفرد انداز کی بدولت عالمی سطح پر رجسٹر ہو چکا ہے۔ یہ گلیم نہ صرف جمالیاتی لحاظ سے متاثر کن ہوتا ہے بلکہ اس کی بناوٹ اور ساخت میں جو مہارت استعمال کی جاتی ہے وہ حیرت انگیز ہے۔ خراسان کا علاقہ چاندی کے زیورات اور قیمتی پتھروں سے بنائے گئے فن پاروں کی تیاری میں معروف ہے۔ یہاں کے زیورات قدیم روایات، مقامی طرزِ زندگی اور جمالیات کا خوبصورت امتزاج ہیں۔ مشہد شہر قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی تراش خراش اور ان سے تیار کردہ آرائشی اشیاء کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔ فیروزہ، عقیق، یاقوت، نیلم اور دیگر قیمتی پتھر یہاں کی دستکاری کا حصہ ہیں۔ صوبہ فارس کے دارالحکومت شیراز میں دستکاری کے 80 سے زائد مراکز سرگرمِ عمل ہیں۔ یہاں لکڑی کی صنعت خاص طور پر اہم ہے جس میں چوپ کاری، آئینہ سازی، استرکاری اور سات رنگوں کی ٹائل سازی شامل ہیں۔ یہ تمام فنون شیراز کو دستکاری کے میدان میں ایک ممتاز مقام عطا کرتے ہیں۔ تبریز کو قالینوں کا عالمی شہر تسلیم کیا گیا ہے۔ یہاں کے ہاتھ سے بنے ہوئے قالین نہ صرف ایران بلکہ دنیا بھر کے عجائب گھروں، نمائشوں اور شاہی محلات میں رکھے گئے ہیں اور انہیں عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہے۔ آج جب دنیا بھر میں دستکاری کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، تو اس موقع پر یہ بات یاد رکھنا ضروری ہے کہ زندہ اور بیدار قومیں اپنے تہذیبی، ثقافتی اور فنی ورثے کی حفاظت اور اس کے فروغ کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہیں۔ ایرانی قوم اس روشن روایت کو نہ صرف زندہ رکھے ہوئے ہے بلکہ اسے عالمی سطح پر ایک نئی جہت بھی عطا کر رہی ہے۔ دستکاری ایران کی پہچان ہے اور یہ پہچان آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

راولپندی پاکستان

راولپندی پاکستان

تصاویر

اپنا تبصرہ لکھیں.

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: