• Jan 9 2024 - 13:33
  • 71
  • مطالعہ کی مدت : 2 minute(s)

ایرانی عوام کے آداب و رسوم اور ثقافت کو پاکستانی عوام سے متعارف کروانے کے لیے، خانہ فرہنگ حیدرآباد میں سندھ کی روایتی رسم مچ کچھری کے ہمراہ ماہ سرما کی پہلی رات میں شب یلدا کی تقریب کا انعقاد کیا گیا

اس تقریب میں زبان فارسی کے اساتذہ، شعراء، مصنفین اور ایرانی ثقافت اور ہنر سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اس رات کو یادگار بنایا۔
صوبہ سندھ میں دیرینہ رسم مچ کچھری اور شب یلدا کی رسم سے مچ کچھری کی بعض شباہتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان دونوں رسموں کی آمیزش سے اس تقریب کو چار چاند لگائے جائیں اور ان دو ہمسایہ ممالک کی ثقافتوں کی قربت اور شباہت پر روشنی ڈالی جائے۔
سفرہ شب یلدا لگانا، روایتی اور پاپ موسیقی کی ویڈیوز مع اردو سب ٹائٹلز چلانا، ایرانی خشک میوے کے پیکٹ مہمانوں میں تقسیم کرنا جن میں قرعہ اندازی کے لیے نمبر بھی موجود تھے اور تقریب کے اختتام میں انعامات تقسیم کرنا اس محفل کی سرگرمیوں کا حصہ تھے۔ 
اس تقریب کے آغاز میں، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران حیدآباد کے ڈائریکٹر جنرل رضا پارسا نے شب یلدا کے آغاز و ارتقاء سے متعلق گفتگو کی اور یہ بھی بتایا کہ ایران کے لوگ اس رات کو کیوں مناتے ہیں۔ اس کے بعد مچ کچھری کی روایت کے مطابق چند سندھی شعراء نے اپنی شاعری سنائی۔ حافظ شیرازی کا کلام استاد محمد اشرف سموں نے اردو ترجمے کے ساتھ حاضرین محفل کو پڑھ کر سنایا۔
21 دسمبر یوم رودکی بھی ہے چنانچہ اس بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے استاد جامی چانڈیو کو مدعو کیا گیا کہ وہ فارسی شاعری کے باوا آدم کے بارے میں کچھ گفتگو کریں۔ لہذا استاد جامی چانڈیو نے اس تقریب میں عظیم شاعر رودکی کے مقام و مرتبے اور رودکی کے توسط سے فارسی شاعری کی ترویج اور پروان چڑھانے سے متعلق ایک جامع گفتگو کی۔
اس کے بعد حیدرآباد کے مسیحی پادری پاسٹر اکرم علیم نے ایرانی ثقافت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بائبل مقدس میں بھی ایران کا ذکر کیا گیا ہے۔
بعد میں اس رات کی مشہور و معروف رسم یعنی دیوان حافظ سے فال نکالنے کی رسم کو منانے کے لیے مہمانوں سے گزارش کی گئی کہ وہ نیت کریں اور پھر رضا پارسا نے تمام حاضرین محفل کی نمائندگی کرتے ہوئے دیوان حافظ سے فال نکالا جسے رضا پارسا نے فارسی میں بیان کیا اور استاد اشرف سموں نے سندھی زبان میں بیان کیا۔ اور پھر قرعہ اندازی کی گئی اور پانچ مہمانوں کو تحائف سے نوازا گیا۔ تقریب اختتام پر مہمانوں کی خاطر تواضع کے لیے رات کا کھانا پیش کیا گیا۔
حیدرآباد پاکستان

حیدرآباد پاکستان

تصاویر

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: