• Jul 15 2024 - 17:12
  • 29
  • مطالعہ کی مدت : 2 minute(s)

عشق حسین علیہ السلام

کیا امام حسین (ع) ان کی عزاداری اور محرم کی مقدس یادگاریں مسلمانوں میں اختلاف اور تنازعہ کا موضوع بن سکتی ہیں؟ وہ کون سا مسلمان ہے حسین (ع) جس کے ایمان کا حصہ نہ ہوں؟ رسول اسلام (ص) کا وہ کونسا کلمہ گو ہے جس کی رگوں میں عشق حسین (ع) خون کی طرح رواں دواں نہ ہو، وہ کون سی مسلمان آنکھ ہے جو خاندان رسول (ص) کی پیاس اور شہادت کی یاد میں بھیگ کر فرات بن جانا نہ چاہتی ہو، حسین (ع) کی یاد اور عزاداری، عشق و محبت کے جذبے فروغ دینے اور برادری اور بھائی چارگی کے اجتماعات قائم کرنے کا سبب بنتی ہے اور اہل درد و عشق آپس میں جھگڑے نہیں اخوت و مساوات کی بنیادوں پر اتحاد و اتفاق کی زندگی استوار کرتے ہیں -وہ لوگ جو حسینی معاشرے میں رہتے ہوں اور جن کا دین اسلام ہو، جو حسین (ع) اور حسین (ع) کے بچوں کے خون کا مرہون منت ہے، جس ملک عشق کے باشندے رسول اسلام (ص) اور ان کے پیارے نواسے حسین (ع) کی رعایا ہوں حسین (ع) کی یاد و عزا میں منعقد مجلس و ماتم اور ماہ محرم کے جلسۂ و جلوس کے مخالف کیسے ہوسکتے ہیں؟ مخالفت وہ کرے گا جسے مسلمان ہونے سے انکار ہو، حسین (ع) کی محبت اور حسین (ع) کی عظمت سے انکار ہو، حسین (ع) کی قربانی اور شہادت سے انکار ہو -جب سبھی مسلمان حسین (ع) کے سپاہی، حسین (ع) کے غمخوار حسین (ع) کے عزادار اور یزید و یزیدیت سے بیزار ہیں تو امام حسین (ع) سے بڑھ کر اسلامی اتحاد و اتفاق کا داعی اور کون ہوسکتا ہے؟ کہیں حسین (ع) کے بارے میں مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کرنے والے وہی تو نہیں ہیں جو اسلام و قرآن اور حسین (ع) کے مخالف تھے؟ جنہوں نے اسلام اور حسین (ع) کے خلاف لشکرکشی کی تھی؟ جنہوں نے اسلام اور قرآن کا خون بہایا تھا؟

مگر حسین (ع) کے عزادارو! چند فی صدی سہی یہ بھی تو ممکن ہے کہ کچھ لوگ حسین (ع) اور عزاداری کی صحیح شناخت نہ رکھتے ہوں، لہذا اہل معرفت کا فریضہ ہے کہ لوگوں کے درمیان حسین (ع) اور حسینیت کا صحیح تعارف کرائیں کیونکہ جوش کے بقول:

انسان کو بیدار تو ہولینے دو ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین (ع)

 

راولپندی پاکستان

راولپندی پاکستان

فونٹ سائز کی تبدیلی:

:

:

: