عالمی عدالت، ایرانی بینکوں کے حق میں فیصلے کی توثیق
عالمی عدالت نے بینک ملی ایران اور بینک صادرات ایران کے حق میں 214 ملین یورو کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، بین الاقوامی قانونی مرکز کی کوششوں سے بینک ملی ایران اور بینک صادرات ایران کے حق میں صادر ہونے والے 214 ملین یورو کے ثالثی فیصلے کو عالمی عدالت کے اپیلٹ بینچ نے برقرار رکھا ہے۔
اس فیصلے کے تحت بحرین حکومت کی جانب سے ثالثی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کو مسترد کردیا گیا۔
واضح رہے کہ اپریل 2015 میں بحرین کے مرکزی بینک نے فیوچر بینک بحرین کو اپنی نگرانی میں لیتے ہوئے اس کی تحلیل کا عمل شروع کیا تھا، جس پر غیر قانونی سرگرمیوں اور پابندیوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا تھا۔
فیوچر بینک میں دو تہائی حصص کے مالک ہونے کی حیثیت سے بینک ملی ایران اور بینک صادرات ایران نے اس اقدام کے خلاف بحرین حکومت پر مقدمہ دائر کیا تھا۔
بین الاقوامی ثالثی ٹریبونل نے بعد از سماعت فیصلہ دیا کہ فیوچر بینک کی ضبطی کے وقت غیر قانونی سرگرمیوں کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں تھا، اور یہ اقدام غیر متناسب اور سیاسی محرکات پر مبنی تھا۔
لہٰذا نومبر 2021 میں ٹریبونل نے بحرین کو حکم دیا کہ وہ 214 ملین یورو کا ہرجانہ ایرانی بینکوں کو ادا کرے۔
بعد ازاں بحرین حکومت نے ثالثی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، جس میں ثالثی ٹریبونل کی عدم صلاحیت اور فیصلے کی مبینہ طور پر بین الاقوامی عوامی نظم سے عدم مطابقت کو بنیاد بنایا گیا تھا تاہم تین سالہ عدالتی عمل کے بعد اپیلٹ بینچ نے ان اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے ثالثی فیصلے کی توثیق کر دی۔
یہ اہم قانونی کامیابی بین الاقوامی قانونی مرکز کی سربراہی اور نگرانی میں حاصل ہوئی جو ایرانی حکومت اور سرکاری اداروں کے بین الاقوامی مقدمات کی نمائندگی اور نگرانی کا ذمہ دار ہے۔
اپنا تبصرہ لکھیں.